جی سیون اجلاس, امریکا اور ایران معاہدے کا خیرمقدم، خطے میں استحکام کی جانب اہم پیش رفت. فرانسیسی صدر میکرون

پیرس (ویب ڈیسک) فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے جی سیون سربراہی اجلاس کے اختتام پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور اسے خطے میں استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا، صدر میکرون نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں سے ممکن ہونے والا یہ معاہدہ خوش آئند ہے .

اور اس نے مشرقِ وسطیٰ میں شدید عدم استحکام کی صورتحال کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی معیشتوں کو سنگین نقصان پہنچ رہا تھا، انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے کھلنے سے خطے میں استحکام آئے گا اور عالمی تجارت و توانائی کی ترسیل کو بھی فائدہ پہنچے گا، فرانسیسی صدر نے بتایا کہ جی سیون اجلاس انتہائی کامیاب رہا، جہاں عالمی رہنماؤں نے اتحاد اور تعاون کا مظاہرہ کیا، ان کے مطابق اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ طاقت کا توازن اب یوکرین کے حق میں تبدیل ہو چکا ہے۔

ایمانویل میکرون نے کہا کہ جی 7 ممالک امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کا متفقہ خیرمقدم کرتے ہیں، تاہم لبنان میں فوری، مکمل اور غیر مشروط جنگ بندی ناگزیر ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا۔ایران معاہدہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہونا چاہیے، جبکہ لبنان کی خودمختاری، سرحدی سلامتی اور استحکام کا ہر صورت دفاع کیا جانا چاہیے۔