اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے آذربائیجان کے وزٹ ویزا پر سفر کرنے والے دو مسافروں کو انسانی اسمگلنگ کے شبے میں آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کاؤنٹر آفیسر نے معمول کی جانچ کے دوران دونوں مسافروں کو سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے ریفر کیا، مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دونوں مسافر ایک ساتھ سفر کر رہے تھے، جن میں سے ایک مبینہ طور پر یورپ (اٹلی) غیر قانونی طور پر جانے کے لیے ایک ایجنٹ کے رابطے میں تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق غیر قانونی سفر کے بدلے 35 لاکھ روپے کی رقم طے پائی تھی,مزید تفتیش کے دوران یہ شواہد بھی سامنے آئے کہ دونوں افراد کا سفر ایک منظم غیر قانونی امیگریشن منصوبے کا حصہ تھا۔
ابتدائی شواہد کی بنیاد پر دونوں مسافروں کو انسانی اسمگلنگ کے شبے میں آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے، بعد ازاں انہیں مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس نیٹ ورک کے دیگر مبینہ سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

