راولپنڈی (سپیشل رپورٹر)راولپنڈی پولیس نے مبینہ فراڈ کے ایک کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے معروف ہاؤسنگ منصوبے کنگڈم ویلی کے مالک غلام حسین شاہد کے بھائی غلام مرتضیٰ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم غلام مرتضیٰ کو اسلام آباد کچہری سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اپنے بھائی غلام حسین شاہد کے کیس میں پیشی کے لیے وہاں موجود تھے، گرفتاری کے موقع کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جس میں پولیس اہلکاروں کو ملزم کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غلام مرتضیٰ کے خلاف تھانہ وارث خان، راولپنڈی میں فراڈ کا مقدمہ درج ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے شہریوں سے دو کروڑ روپے سے زائد کی رقم حاصل کی اور اسے مبینہ طور پر اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سرمایہ کاری کے نام پر استعمال کیا۔
پولیس کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گرفتار ملزم سے تفتیش کے دوران مزید انکشافات متوقع ہیں، دوسری جانب متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والی مبینہ دھوکہ دہی کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور رقم کی واپسی یقینی بنائی جائے، واضح رہے کہ یہ الزامات عدالت میں زیر سماعت ہیں اور حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

