این ڈی ایم اے کا سکردو-رونڈو روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ الرٹ، غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 7 سے 9 جولائی کے دوران جے ایس آر/سکردو-رونڈو روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقوں میں بارشوں اور زمینی کٹاؤ کے باعث آئندہ دو روز کے دوران سکردو اور ملحقہ علاقوں، بشمول برومدو نالہ، چمچو، مالوپا، ڈمبوڈاس، ٹورمک اور ہراموش سیکشن میں مقامی سطح پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ مقامی نالوں میں کٹاؤ اور مٹی و پتھروں کے تودے گرنے کے باعث سفر مزید خطرناک ہو سکتا ہے، این ڈی ایم اے نے مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ راستوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ خطرناک ڈھلوانوں کے قریب آمدورفت کے دوران انتہائی احتیاط برتیں۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے مقامی انتظامیہ کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، این ڈی ایم اے کے الرٹ میں عوام سے کہا گیا ہے کہ مستند معلومات اور حفاظتی ہدایات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے استفادہ کریں۔