مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے باغ کے 2 انتخابی حلقوں ایل اے-15 باغ-2 اور ایل اے-16 باغ-3 کے مجموعی طور پر 23 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کر لیا، دونوں حلقوں میں پولنگ 15 اگست کو ہوگی ، چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے بتایا کہ دوبارہ پولنگ کا فیصلہ متعلقہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں کیا گیا ہے، ایل اے-15 باغ-2 کے 9 جبکہ ایل اے-16 باغ-3 کے 14 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ایل اے-15 باغ-2 میں مجموعی 213 پولنگ سٹیشنز میں سے 204 کے نتائج ریٹرننگ افسر کو موصول ہو چکے ہیں، جبکہ ایل اے-16 باغ-3 کے 186 میں سے 172 پولنگ سٹیشنز کے نتائج موصول ہوئے ہیں ، ایل اے-15 باغ-2 کے پولنگ سٹیشن نمبر 114، 135، 143، 144، 145، 146، 147، 148 اور 186 پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔
اسی طرح ایل اے-16 باغ-3 کے پولنگ سٹیشن نمبر 28، 29، 40، 49، 50، 51، 77، 91، 109، 110، 111، 112، 143 اور 149 پر بھی 15 اگست کو دوبارہ پولنگ کرائی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل نے دونوں حلقوں کے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کو اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشنز پر پہنچ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور آئندہ پانچ سال کے لیے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں۔
یاد رہے کہ حلقہ ایل اے-14 دھیرکوٹ، باغ غربی سے عوامی دست و بازو کے امیدوار سردار ساجد عباسی جبکہ ایل اے-17 حویلی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اور آزاد کشمیر کے وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کامیاب قرار پائے ہیں۔

