کراچی (بیورو رپورٹ) نوجوان تاجر میر رضا علی قتل کیس میں جامعہ کراچی کی کیمیکل لیبارٹری کی کیمیائی رپورٹ متعلقہ ادارے کو جاری کر دی گئی ، ذرائع کے مطابق کیمیائی رپورٹ کا ڈی این اے لیبارٹری سے کوئی تعلق نہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول میر رضا کو پشت سے گولی ماری گئی، قمیض کے پچھلے حصے کے مقابلے میں اگلے حصے میں چھ گنا بڑا سوراخ پایا گیا۔
مقتول کی قمیض پر تیزاب کے اثرات بھی پائے گئے جبکہ خون میں بے ہوشی کی دوا کے اثرات موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی سماعت ہوئی ،کیس کا پرانا تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوا اور رپورٹ جمع کروانے کے لیے مہلت مانگ لی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، اعلیٰ حکام نے مقدمے کے تفتیشی افسر کو تبدیل کردیا ہے ، تفتیشی افسر کے مطابق نئے تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے، عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے 15 اگست تک رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

