بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں مبینہ غیر مجاز پلاٹوں کی فروخت، آر ڈی اے کا شوکاز نوٹس جاری

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں پلاٹوں کی مبینہ غیر مجاز تشہیر، مارکیٹنگ، بکنگ اور فروخت کے معاملے پر بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ، آر ڈی اے کے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیزائن، ثاقب ڈایو، کو جاری نوٹس میں پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز 2021 کے سیکشن 46 کی خلاف ورزی کا حوالہ دیا گیا ہے۔

نوٹس کے مطابق بحریہ ٹاؤن فیز 8 کے سیکٹرز جے، کے، ایل، ایم، این، او، پی اور روز گارڈن میں پلاٹوں کی تشہیر، مارکیٹنگ، بکنگ اور فروخت کی سرگرمیاں کی جا رہی ہیں، حالانکہ اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ، آر ڈی اے نے نوٹس میں پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز 2021 کے رول 46(1) کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ کوئی اسپانسر اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا سمیت کسی بھی ذریعے سے پلاٹ یا ہاؤسنگ یونٹس کی فروخت کی تشہیر نہیں کر سکتا۔

شوکاز نوٹس میں بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کو سات روز کے اندر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ خلاف ورزیوں پر اس کے خلاف قانونی کارروائی کیوں نہ شروع کی جائے ، آر ڈی اے نے مزید ہدایت کی ہے کہ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ فوری طور پر متعلقہ منصوبے سے متعلق تمام اقسام کی تشہیر، بکنگ، فروخت، پروموشنل ایونٹس اور دیگر متعلقہ سرگرمیاں بند کرے۔

نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں تسلی بخش جواب نہ دینے یا احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور متعلقہ ہاؤسنگ سکیم رولز کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے، جس میں جرمانے اور سائٹ آفس کو سیل کرنا بھی شامل ہے ، آر ڈی اے کے مطابق کارروائی راولپنڈی کمشنر آفس سے موصول ہونے والی شکایت اور وزیراعلیٰ پنجاب کمپلینٹ سیل کے ذریعے موصول ہونے والی شکایت کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے۔