وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور اسد قیصر کی اہم ملاقات، تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، عمران خان کی رہائی، انصاف کی فراہمی، آئین و قانون کی بالادستی اور امن و امان سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی ، اس موقع پر جمہوریت، آئین کی بالادستی اور پارلیمانی نظام کے استحکام کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی پنجاب، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے۔ دوروں کے دوران وہ مختلف سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کرنے کے ساتھ عوامی رابطہ مہم بھی چلائیں گے۔

ذرائع کے مطابق مختلف صوبوں میں پارٹی تنظیموں سے مشاورت کے بعد اجلاسوں اور سیاسی ملاقاتوں کا شیڈول طے کیا جائے گا، جبکہ آئندہ کی حکمت عملی میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی جائے گی ، ملاقات میں تحریک کو مزید منظم اور مؤثر بنانے اور عوامی رابطہ مہم کو وسیع کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

شرکاء نے عمران خان، بشریٰ بی بی اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی، انصاف کی فراہمی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا ، اس موقع پر وکلا، طلبہ، کسانوں، مزدوروں اور معاشرے کے دیگر طبقات کے جرگے منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، تاکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو سیاسی و جمہوری جدوجہد میں شامل کیا جا سکے۔