اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے آرڈر پر حکومت کے پاس کل تک کا وقت ہے، اگر عمران خان کو ہسپتال منتقل نہ کیا گیا تو توہین عدالت ہوگی ، پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مجھے نظر نہیں آتا، حکومت کی نظرثانی درخواست کل تک سنی جائے گی، سپریم کورٹ میں کوئی درخواست دائر کی جاتی ہے تو پڑتال میں چار چھ دن لگ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی وجہ نہیں کہ سپریم کورٹ کے حکم پر آج یا کل تک عملدرآمد نہ ہو، خان صاحب کو سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے گا ، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ان حالات میں توہین عدالت کرے گی، اگر حکومت توہین عدالت کرتی ہے تو پاکستان قوم اپنے فیصلے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری آواز ضرور اٹھے گی، ہم توہین عدالت کی درخواست بھی دیں گے، ہم قوم کے سامنے یہ مقدمہ رکھیں گے ، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وفد کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات خیرسگالی کی تھی، انہوں نے صرف اتنا کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ رابطے بحال کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ہم سے مکالمے کا آغاز کریں، انہوں نے انتخابی اصلاحات کی بات بھی رکھی، میں نے انہیں کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت تک یہ بات آگے نہیں بڑھ سکتی ، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی پی وفد نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم کو سراہا، ملاقات میں نئے صوبوں کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

