اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کیلئے آج عدالت سے رجوع کر رہے ہیں، امید ہے درخواست پر جلد سماعت مقرر ہوگی ، سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی اور امکان ہے کہ درخواست پر نمبر بھی لگ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر میں کوئی ابہام نہیں تھا، فیصلے پر من و عن عمل ہونا چاہیے تھا، تاہم سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو جس ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی، اس پر بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا ، بیرسٹر گوہر کے مطابق میڈیکل بورڈ میں بھی وہ افراد شامل نہیں کیے گئے جو شامل ہونے چاہئیں تھے، انہوں نے بتایا کہ آج پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی میٹنگ بھی ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ چیف جسٹس سے ملاقات کیلئے آئے تھے، تاہم چیف جسٹس کی مصروفیت کے باعث ملاقات نہیں ہوسکی، ان کی اور لطیف کھوسہ کی سپریم کورٹ کے رجسٹرار سے ملاقات ہوئی، جنہوں نے بینچ کی تشکیل کے حوالے سے یقین دہانی کرائی ہے، بینچ کی تشکیل آن لائن بھی ہوسکتی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کسی ڈیل کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کوئی ڈیل نہیں کرتے، اگر ڈیل کرنا ہوتی تو بانی پی ٹی آئی تین سال قید نہ کاٹتے ، انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ہسپتال میں ایک منٹ بھی رہنے کا ارادہ نہیں، وہ صرف ضروری طبی ٹیسٹ کرانا چاہتے ہیں ، بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ توہین عدالت کی درخواست کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرے گی۔

