غیر قانونی امیگریشن کیس، ایف آئی اے کا 17 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج، ایجنٹ کو لاکھوں روپے دینے کا انکشاف

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) اسلام آباد نے غیر قانونی امیگریشن کے ایک کیس میں 17 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر AHTC-ICT-659/26 زیر دفعات 3 اور 4 پاسپورٹ ایکٹ 1974 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ کی جانب سے موصول استغاثہ رپورٹ کے مطابق مذکورہ مسافروں کے پاسپورٹس امیگریشن کلیئرنس کے دوران IBMS میں “HIT” ہوئے، جس پر انہیں مزید تصدیق کے لیے روکا گیا۔ سفری ریکارڈ کی جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ تمام مسافروں کے نام “PNIL” پر موجود تھے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایجنٹ کامل حسین، ساکن پاراچنار کو فی کس ایک لاکھ بیس ہزار روپے ادا کر کے ایران کے راستے غیر قانونی طور پر عراق کا سفر کیا۔ عراق پہنچنے پر عراقی پولیس نے انہیں گرفتار کر کے جرمانہ عائد کیا اور بعد ازاں پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

ایجنٹ کامل حسین کے کردار اور دیگر سہولت کاروں کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔ مقدمے کی تفتیش انسپکٹر محمد عظیم کے سپرد کر دی گئی ہے ، ایف آئی اے اسلام آباد زون کا عزم ہے کہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی بلا تعطل جاری رہے گی۔