تھرڈ ہائر ایجوکیشن پنجاب گرلز کرکٹ چیمپئن شپ کا راولپنڈی میں آغاز، 6 ڈویژن کی ٹیمیں شریک

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) تھرڈ ہائر ایجوکیشن پنجاب (اے ڈی پی/بی ایس گیمز 2026-27) کے سلسلے میں گرلز کرکٹ چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح گورنمنٹ گریجویٹ وقارالنسا کالج راولپنڈی کے کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگیا ، افتتاحی تقریب میں پارلیمانی سیکریٹری برائے ثقافت و کلچر و رکن پنجاب اسمبلی شازیہ رضوان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فیتہ کاٹ کر چیمپئن شپ کا آغاز کیا۔

تقریب کے دوران مختلف ٹیموں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا جبکہ کھلاڑیوں اور طالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا ، کالج گراؤنڈ میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے خصوصی ماحول دیکھنے میں آیا ، افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ڈاکٹر شہناز محسن، ڈی ڈی سی راولپنڈی پروفیسر سجاد حسین، ڈویژنل فوکل پرسن برائے سپورٹس پروفیسر آصفہ ناہید، پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ وقارالنسا کالج ڈاکٹر زاہدہ پروین سمیت راولپنڈی کے مختلف کالجز کے پرنسپلز، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔

تقریب میں سیٹلائٹ ٹاؤن گریجویٹ کالج فار بوائز، ریلوے روڈ گرلز کالج، رحمت آباد گرلز کالج، ڈھوک حسو گرلز کالج، موہن پورہ گرلز کالج، حشمت علی اسلامیہ کالج، کہوٹہ گرلز کالج، ڈھوک الٰہی بخش کالج اور ڈھوک کالا خان گرلز کالج سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے ، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی کرکٹ ایمبیسیڈر ندا ڈار نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

پنجاب کے ڈویژنل سطح پر ہونے والے ان مقابلوں میں راولپنڈی، لاہور، بہاولپور، ڈی جی خان، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت چھ ڈویژن کی گرلز کرکٹ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ، ڈویژنل فوکل پرسن برائے سپورٹس پروفیسر آصفہ ناہید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب وقاص اکبر اور ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ڈاکٹر شہناز محسن کی ہدایات اور وژن کے مطابق راولپنڈی میں طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں فروغ دیا جا رہا ہے۔

مہمان خصوصی شازیہ رضوان، ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر شہناز محسن، ڈی ڈی سی پروفیسر سجاد حسین اور دیگر مقررین نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں مسلسل کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد اس امر کا ثبوت ہے کہ حکومت نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ خصوصاً طالبات کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیلوں میں خواتین کی بھرپور شرکت نہ صرف جسمانی صحت اور ذہنی صلاحیتوں میں بہتری لاتی ہے بلکہ خود اعتمادی، قیادت اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو بھی فروغ دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی طالبہ صرف کتاب اور کلاس روم تک محدود نہیں بلکہ کھیل کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکتی ہے۔ گرلز کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے مسلسل انعقاد سے تعلیمی اداروں سے باصلاحیت خواتین کھلاڑی سامنے آئیں گی، جو مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکتی ہیں ، اس موقع پر بتایا گیا کہ ایچ ای ڈی پنجاب کی کرکٹ ایمبیسیڈر ندا ڈار تمام مقابلوں کی نگرانی اور ابھرتی ہوئی کرکٹ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں اپنا کردار ادا کریں گی۔