راولپنڈی (سپیشل رپورٹر) صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان سے سابق وزیراعظم آزادکشمیر اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مجاہد منزل میں دو گھنٹے سے زائد تفصیلی ملاقات کی ، ملاقات کے دوران آزادکشمیر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، بالخصوص پونچھ میں جاری دھرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے آزادکشمیر میں موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
سردار عتیق احمد خان اور راجہ فاروق حیدر خان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے افہام و تفہیم اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے اور کسی بھی قسم کے طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے ، دونوں رہنماؤں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ تقسیم کشمیر، آزادکشمیر کی داخلی خودمختاری اور ریاستی تشخص سے متعلق پائے جانے والے خدشات اور تاثرات کی ہر سطح پر روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آزادکشمیر کی داخلی خودمختاری، موجودہ حیثیت، تشخص اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزادکشمیر میں سیاسی استحکام، امن و امان اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے مذاکرات، باہمی مشاورت اور سیاسی افہام و تفہیم کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

