اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں 3 سے 6 ستمبر کے دوران بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں 3 سے 5 ستمبر کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بھی 3 سے 5 ستمبر کے دوران مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں 3 سے 6 ستمبر کے دوران بارش کا امکان ہے ، موسمی پیشگوئی کے مطابق 4 اور 5 ستمبر کے دوران بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہوسکتی ہیں، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی و شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور مقامی سطح پر شہری مشکلات پیدا ہونے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے اور ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے ، شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

