مظفرآباد (بیوو رپورٹ) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے اپنی حکومت کے پہلے اجلاس میں 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کا اعلان کیا ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے بیوروکریسی کو ہدایت کی ہے کہ عام آدمی کو فوری ریلیف فراہم کرنے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، نوجوانوں کے لیے پروگرام شروع کرنے اور صحت و سفری سہولیات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی محض اعلانات تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے نتائج گراؤنڈ پر نظر آئیں گے، عام آدمی کی مشکلات کم کرنا حکومت کا اولین ایجنڈا ہے وزیراعظم افتخار گیلانی کی زیر صدارت سیکرٹریز حکومت کا اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ظہیر الدین قریشی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر، پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید سمیت مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح نظام میں اصلاحات لا کر عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور نئے مواقع فراہم کرنا ہے، درپیش چیلنجز کو بیوروکریسی کے تعاون سے حل کیا جائے گا اور حکومت و انتظامیہ ٹیم ورک کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کے کندھوں پر اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، حکومت اور انتظامیہ مل کر کام کریں گے اور عوام کو عملی تبدیلی نظر آنی چاہئے، انہوں نے واضح کیا کہ ہم لوگوں کے لیے کام کرنے آئے ہیں اور حکومت کی کارکردگی کے اثرات زمینی سطح پر نمایاں ہونے چاہئیں ، وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بے روزگاری ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے نوجوانوں کے لیے پروگرام شروع کیا جائے گا۔
اسی طرح سماجی شعبہ میں طلب اور ضرورت کی بنیاد پر ہنرمند پروگرام متعارف کرایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرکے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو سفری سہولیات اور صحت کے شعبے میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری نظام میں بہتری حکومت کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔
وزیراعظم نے بیوروکریسی کو ہدایت کی کہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں پورا کریں، حکومت کا ایجنڈا عام آدمی کا ایجنڈا ہے اور عوام کی مشکلات کم کرنے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی ، انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے عوام کو یہ دکھانا چاہتی ہے کہ وہ ان کی بہتری، فلاح اور مسائل کے حل کے لیے آئی ہے، 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈا حکومت کی ترجیحات کا واضح روڈ میپ ہے، جس پر عملدرآمد کے ذریعے انتظامی و عوامی سطح پر بہتری لائی جائے گی۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی آزاد کشمیر کے معاملات اور عوامی مسائل کے حل میں سنجیدگی کا بھی اندازہ ہوتا ہے، حکومت مرکزی قیادت کے تعاون سے ریاست میں گڈ گورننس، عوامی سہولیات اور معاشی مواقع کے فروغ کے لیے اقدامات کرے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم افتخار گیلانی جب اپنے دفتر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید اور وزیراعظم سیکرٹریٹ کے افسران و سٹاف نے ان کا استقبال کیا اور خوش آمدید کہا ، وزیراعظم افتخار گیلانی نے وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ بھی کیا۔

