جمال شاہ نے فریال گوہر کے گھریلو تشدد کے الزامات مسترد کردیے، حمل ضائع ہونے کی وجہ بھی بیان کردی

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سابق اداکار جمال شاہ نے اپنی سابق اہلیہ اور اداکارہ فریال گوہر کی جانب سے لگائے گئے گھریلو تشدد کے الزامات کی سختی سے تردید کردی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے متعدد بیانات میں جمال شاہ نے فریال گوہر کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے اپنے مؤقف کی وضاحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں کی شادی 1984 میں ہوئی تھی جبکہ 1985 میں فریال گوہر کا حمل ضائع ہوا، تاہم ان کے مطابق اس واقعے کی وجہ تشدد نہیں بلکہ کتے کا کاٹنا تھا۔

جمال شاہ نے بتایا کہ وہ 1986 سے 1988 تک اپنی تعلیم کے سلسلے میں لندن میں مقیم رہے اور 1989 میں دونوں کی طلاق ہوگئی۔ ان کے بقول اس عرصے کے دوران گھریلو تشدد کا کوئی معاملہ پیش نہیں آیا اور لندن میں قیام کے دوران مزید بچوں کی منصوبہ بندی بھی نہیں کی گئی تھی۔

سابق اداکار نے اپنی موجودہ ازدواجی زندگی کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے 2005 میں دوبارہ شادی کی اور ان کی موجودہ اہلیہ انتہائی خیال رکھنے والی، قابل اور سمجھدار ہیں۔ ان کے مطابق وہ اپنے تین بچوں کے ساتھ سادہ، پرسکون اور خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔

جمال شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماضی میں کسی انٹرویو کے دوران فریال گوہر کے بارے میں برا تاثر دینے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک پروگرام میں شرکت کی دعوت ملنے پر انہیں ابتدا میں یہ معلوم نہیں تھا کہ فریال گوہر بھی پروگرام کا حصہ ہوں گی، تاہم بعد میں علم ہونے کے باوجود انہوں نے دعوت مسترد کرنا مناسب نہیں سمجھا۔

انہوں نے کہا کہ فریال گوہر کے ساتھ ان کی شادی تقریباً پانچ سال قائم رہی اور انہیں اس رشتے پر نہ کوئی پچھتاوا ہے اور نہ ہی کوئی تلخی۔ ان کے مطابق دونوں نے مہذب انداز میں علیحدگی اختیار کی اور طویل عرصے تک اپنی طلاق کو میڈیا سے دور رکھا ، جمال شاہ نے مزید کہا کہ وہ اپنے خلاف تشدد کے الزامات کی تردید کر چکے ہیں، تاہم وہ میڈیا یا سوشل میڈیا پر غیر ضروری بحث کا حصہ بننے کے لیے مزید باتیں نہیں کرنا چاہتے۔