PAF Capitalnewspoint.com

پاک فضائیہ نے 7 ستمبر کو یومِ شہداء کے طور پر منایا، شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) 7 ستمبر 2026: پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام ایئربیسز پر 7 ستمبر کو یومِ شہداء کے طور پر منایا، اس موقع پر پاک فضائیہ کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ فرض سے وفاداری، شجاعت اور بے مثال بہادری پر انہیں سلام پیش کیا گیا .

یومِ شہداء کی تقریبات کا آغاز شہدائے پاک فضائیہ کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا اور قرآن خوانی سے ہوا۔ اس موقع پر 1965ء اور 1971ء کی جنگوں، معرکۂ حق اور قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک دفاعِ وطن کے فرائض انجام دیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے تمام جانبازوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یومِ شہداء کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہدائے پاک فضائیہ کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پاک فضائیہ کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعِ وطن کے لیے غیر متزلزل عزم کی قابلِ فخر روایت کی بنیاد ہیں۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ہمارے اسلاف کے کارنامے محض تاریخ کے اوراق کا حصہ نہیں بلکہ ایک زندہ ورثہ ہیں، جو موجودہ نسل پر ایک گہری ذمہ داری عائد کرتے ہیں ، انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء جرأت، قربانی اور قومی عزم کی لازوال علامت ہیں اور ان کی میراث ہمیں یاد دلاتی ہے کہ وطنِ عزیز کا دفاع ایک مقدس امانت ہے، جسے ثابت قدمی اور غیر متزلزل وابستگی کے ساتھ ہمیشہ نبھایا جائے گا۔

ایئر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور فضائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی آپریشنل تیاری ہر سطح پر برقرار رکھے ہوئے ہے، انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کامیابی اس کی پیشہ ورانہ برتری، جنگی صلاحیت اور اعلیٰ آپریشنل استعداد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

سربراہ پاک فضائیہ نے قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے “Second to None” کے نظریے کی روشنی میں پاک فضائیہ کو عصرِ حاضر کی جنگی حکمتِ عملی اور جدید ٹیکنالوجی میں ہمیشہ صفِ اول میں رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے خلائی، سائبر اور برقی جنگی صلاحیتوں، مصنوعی ذہانت، جدید خصوصی ٹیکنالوجیز اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی کے ذریعے پاک فضائیہ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ، تقریب کے اختتام پر سربراہ پاک فضائیہ نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فضائیہ کے بہادر شہداء کی یاد میں فاتحہ خوانی کی۔