پاکستانی شپنگ انڈسٹری کی ترقی کے لیے اہم پیشرفت، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور چینی کمپنی کے درمیان معاہدہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی شپنگ سیکٹر ایک بڑی تبدیلی کی جانب گامزن ہے، جس کی بنیاد پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) اور چین کی شینڈونگ زِنشو گروپ کارپوریشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) کے دستخط سے رکھی گئی ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں ہونے والی MoU کی دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں PNSC کے سی ای او اور شینڈونگ زِنشو گروپ کے چیئرمین نے دستخط کیے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور چین کے درمیان سمندری شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی علامت ہے، جو مستقبل میں سرمایہ کاری، تجارتی شراکت داری، اور شپنگ انڈسٹری کی ترقی کی راہیں ہموار کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس اشتراک سے خطے میں تجارت کو فروغ ملے گا، روابط میں بہتری آئے گی، اور پاکستان کی عالمی شپنگ صنعت میں اہمیت مزید بڑھے گی معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر یا الگ الگ ملکیت میں تجارتی بحری جہازوں جیسے کہ مائع بلک ٹینکرز، خشک کارگو جہاز، اور کنٹینر بردار جہازوں کی خرید و فروخت کریں گے، اور منافع و نقصان کی شراکت داری کے اصول پر کام کریں گے شینڈونگ زِنشو، PNSC کو مختلف اقسام کے معاہدوں کے تحت جہاز فراہم کرے گا، جن میں ٹائم چارٹر، اسپاٹ چارٹر، اور بیئر بوٹ چارٹر شامل ہوں گے PNSC، زِنشو کے بحری جہازوں کو کمرشل، تکنیکی اور انتظامی سہولیات فراہم کرے گا جن میں مارکیٹنگ، چارٹرنگ، عملہ فراہمی، مرمت، ریگولیٹری کمپلائنس اور دیگر امور شامل ہوں گے مزید برآں، MoU کے تحت شینڈونگ زِنشو گروپ، پاکستان میں شپنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے PNSC کو مالی معاونت بھی فراہم کرے گا، جو کمرشل بنیادوں پر طے پائے گی تاکہ دونوں فریقین کو فائدہ ہو۔