اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یومِ شہداء پولیس کے موقع پر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء ہماری قوم کے اصل ہیرو ہیں، جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن و استحکام کی بنیاد رکھی۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف پولیس کے جوانوں نے سینہ تان کر لڑائی لڑی اور ہزاروں جوان اپنی جانیں قربان کر کے قوم کو محفوظ بنایا انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے شہداء نے اپنا آج، قوم کے پُرامن کل کے لیے قربان کیا۔ ان کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ریاستی امن، قومی وقار اور عوام کے تحفظ میں پولیس کا کردار سنہری باب کی حیثیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف صفِ اول میں لڑنے والے پولیس کے شہداء قوم کے عظیم محافظ ہیں جنہوں نے ہر محاذ پر بہادری اور جرأت سے دشمن کا مقابلہ کیا۔ پولیس کے جوانوں نے اپنے خون سے امن کی وہ تاریخ رقم کی جس پر پوری قوم کو فخر ہے محمد حنیف عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریلوے پولیس سمیت تمام ادارے شہداء کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور پولیس شہداء کی فیملیز کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزارتِ ریلوے ان کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ:“یومِ شہداء پولیس قربانی، وفاداری اور قومی جذبے کا روشن باب ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

