لاہور (کرائم رپورٹر )موٹروے پولیس نے ایم فائیو (موٹروے) پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق یہ کارروائی جلالپور کے قریب کی گئی، جہاں ایک مشکوک گاڑی، ٹویوٹا ہائی لکس نمبر CAE-501 کو روکا گیا۔
گاڑی کی تلاشی کے دوران 192 پیکٹ منشیات برآمد ہوئیں، جن میں چرس اور گانجہ شامل ہیں۔ موٹروے پولیس نے موقع پر دو ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں منشیات اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے حوالے کر دیا۔
ترجمان کے مطابق یہ کامیاب آپریشن موٹروے پولیس کے سیکٹر کمانڈر کی نگرانی میں کیا گیا۔ کارروائی کی بروقت منصوبہ بندی اور مؤثر عملدرآمد پر ڈی آئی جی موٹروے پولیس دار علی خٹک نے متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
موٹروے پولیس کی یہ کارروائی منشیات کی روک تھام کے لیے ان کی مسلسل کوششوں اور مستعدی کا واضح ثبوت ہے۔

