اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاک سعودی دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اس اہم سنگ میل پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستانی اور سعودی عوام کے لیے خوشی کا موقع ہے اور پوری امت مسلمہ کے اتحاد کو مزید مضبوط کرے گا۔
سردار محمد یوسف نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور افواج پاکستان کو بھی اس دفاعی معاہدے کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب امت مسلمہ کے دو روشن ستارے ہیں، جن کی دوستی اور بھائی چارہ نہایت مضبوط اور لازوال ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے لیے اتحاد اور بھائی چارے کی بہترین مثال ہے، اور دونوں ممالک یک جان دو قالب کی مانند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت ہمارے لیے اعزاز اور فخر کا باعث ہے، اور یہ معاہدہ پوری امت مسلمہ کو طاقت اور استحکام فراہم کرے گا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ یہ دفاعی تعلقات دونوں ملکوں کے روابط کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس معاہدے کو اسلامی دنیا کی یکجہتی کی ایک اور مضبوط علامت قرار دیا۔

