وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام اور پی ایس ای بی کی جانب سے “وزیرِاعظم اسکل ٹیک پاکستان” کا کراچی میں “بلڈنگ ٹومارو” تقریب میں اعلان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) نے کراچی میں “بلڈنگ ٹومارو” کے عنوان سے ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا، جس میں “وزیرِاعظم اسکل ٹیک پاکستان” پروگرام کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ یہ ایک نیا اور جامع پلیٹ فارم ہے جو ڈیجیٹل اسکلز کی ترقی اور استعداد کار بڑھانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں دنیا بھر میں تسلیم شدہ ٹیکنالوجی اسکلز جیسے اے آئی اور بلاک چین سمیت دیگر جدید ہنر سکھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے اس منصوبے کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا: “وزیرِاعظم اسکل ٹیک پاکستان کے تحت چھ فلیگ شپ پروگرام شروع کیے جائیں گے جو نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کریں گے اور ساتھ ہی ٹیک کمپنیوں کو انٹرنیشنل کمپلائنس حاصل کرنے میں مدد دیں گے۔ یہ پلیٹ فارم ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم پاکستان کے نوجوانوں کو مستقبل کے لیے تیار کریں اور ملک کو عالمی ٹیک منزل کے طور پر ابھاریں۔”

وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا: “ہمارے ڈیجی اسکلز پروگرام کے ذریعے پہلے ہی 30 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو تربیت دی جا چکی ہے، جس کے نتیجے میں آئی ٹی ایکسپورٹس نے جولائی اور اگست 2025 کے درمیان 691 ملین ڈالر کی ریکارڈ سطح عبور کی۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کا ڈیجیٹل نیشن پاکستان کا وژن اسی سمت ہماری رہنمائی کرتا ہے، اور یہ نیا اقدام اس وژن کو حقیقت میں بدلنے کی ایک اور بڑی پیش رفت ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی ایس ای بی، ابو بکر نے کہا: “وزیرِاعظم اسکل ٹیک پاکستان پروگرام کا مقصد ہماری نوجوان نسل کو قابلِ روزگار، عالمی سطح پر مسابقتی اور پراعتماد بنانا ہے۔ ہمارا ہدف ہے کہ آئندہ تین برسوں میں مزید 21 لاکھ پاکستانیوں کو تربیت دی جائے۔ یہ ہمارا روڈ میپ ہے کہ پاکستان کو خطے کا ڈیجیٹل حب بنایا جائے، طلبہ کو بااختیار کیا جائے اور انڈسٹری کو سہارا دیا جائے۔”

اسکل ٹیک پاکستان مختلف شعبوں پر محیط ہے۔ ان میں “اسکل برج” خصوصی طور پر اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے درمیان خلا کو ختم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ آئی سی ٹی گریجویٹس کو ملازمت کے مواقع، انٹرن شپس اور اپرینٹس شپس فراہم کی جا سکیں۔ “سرٹیفائیڈ ٹو ایکسپورٹ (C2X)” کے تحت آئی ٹی کمپنیوں کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز جیسے آئی ایس او اور جی ڈی پی آر حاصل کرنے میں مدد دی جائے گی۔ اسی طرح “اسکل لفٹ 1.0” بوٹ کیمپس جدید تربیت فراہم کریں گے، جن میں اے آئی، کلاوڈ کمپیوٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، موبائل ایپلی کیشنز اور سافٹ ویئر کوالٹی ایشورنس شامل ہیں