اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن حکومتی اقدامات کی وجہ سے منافع بخش ادارہ بن چکی ہے، اس کی اکتوبر تک نجکاری کی توقع ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں آغا رفیع اﷲ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر نے ایوان کو بتایا کہ اس ایوان میں ایک بیان کی وجہ سے پی آئی اے کو شدید نقصان پہنچا، نقصان کی تحقیق کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی، اگلے سیشن میں اس حوالہ سے جواب آ جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنا کر اس کی نجکاری حکومتی ایجنڈے میں شامل ہے اور اس کیلئے حکومت نے اہم اقدامات اٹھائے ہیں، اس میں ڈائون سائزنگ کی گئی، بند روٹس کو بحال کیا گیا، اب پی آئی اے منافع میں چل رہی ہے، توقع ہے کہ جب اس کی نیلامی ہو گی تو وہ ایک منافع بخش ادارہ کے طور پر ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کے فلیٹ میں 19 جہاز فعال ہیں، ان میں دو اے ٹی آر شامل ہیں، اس میں اضافہ کر رہے ہیں، پی آئی اے ایک وقت میں دنیا کی بہترین ایئر لائن تھی، ہم اسے دوبارہ اسی مقام پر لا کھڑا کریں گے۔

