فتح–4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی قوم کو مبارکباد، ملکی دفاع میں نمایاں پیشرفت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے فتح–4 کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کے دفاعی شعبے کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 750 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والا یہ جدید کروز میزائل ملکی دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا اور دشمن کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ یہ کامیابی پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فوج کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محافظ ہر لمحہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور پوری قوم کو اپنے سائنسدانوں، انجینئرز اور بہادر افواج پر فخر ہے انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت دفاع وطن کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور ہر سطح پر پاک فوج اور دفاعی اداروں کی مکمل حمایت کی جائے گی “پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد!” – محمد حنیف عباسی