وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے ترک وزیر ٹرانسپورٹ کی ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان اور ترکی نے بحری تعاون کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کے آغاز پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان فیری سروس کے قیام، جہاز سازی، شپ آپریشنز اور شپ بریکنگ کے شعبوں میں اشتراک کے امکانات پر تفصیلی غور کیا گیا یہ بات وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری اور ترکی کے وزیر ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالوٗلو کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں طے پائی۔ ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی روابط، سمندری رابطوں اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر بندرگاہ خطے میں بلیو اکانومی کے فروغ کا مرکز بن سکتی ہے، ترک سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گوادر کو جدید میری ٹائم و لاجسٹکس حب بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ترک وزیر عبدالقادر اورالوٗلو نے پاکستان کے ساتھ بحری تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فیری سروس کے حوالے سے ترکی کی متعلقہ وزارت کو آگاہ کروں گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ترک جہاز مالکان اور پورٹ سروس فراہم کرنے والوں پر مشتمل ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے ترک وفد کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں وزراء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان بحری شعبے میں عملی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ باہمی اقتصادی خوشحالی اور علاقائی رابطوں کو فروغ دیا جا سکے.