اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی اور ایرانی وزیرِ برائے روڈز اینڈ اربن ڈیولپمنٹ فرزانہ صادق کے درمیان اسلام آباد میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے دوران اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ریلوے تعاون، فریٹ آپریشنز اور تجارتی روابط کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ایرانی وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے ریلوے نظام 1917 سے منسلک ہیں، جبکہ پاکستان کا ریلوے نظام 1861 میں قائم ہوا جس کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد–تہران–استنبول (آئی ٹی آئی) فریٹ ٹرین دسمبر 2025 میں دوبارہ چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ چابہار اور گوادر بندرگاہوں کو ریل یا سڑک کے ذریعے جوڑنے کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں ممالک نے ریلوے شعبے میں مشترکہ ایکشن پلان اور فریم ورک آف کوآپریشن پر اتفاق کیا تاکہ انفراسٹرکچر اور آپریشنز میں اشتراک کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ کوئٹہ تا تافتان سیکشن کی اپ گریڈیشن آئندہ سال شروع کرنے اور روہڑی تا نوکنڈی 884 کلومیٹر سیکشن پر جلد کام کے آغاز کا بھی فیصلہ کیا گیا ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے کہا کہ وسطی ایشیائی ممالک ایران کے ذریعے عالمی منڈیوں سے جڑ رہے ہیں اور پاکستان و ایران چین کو یورپ سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ریلوے اصلاحات کا نیا باب شروع کیا ہے اور کراچی پورٹ سے فریٹ ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ منصوبے خطے میں معاشی ترقی کی نئی راہیں ہموار کریں گے۔

