اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر خوارج کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ آپریشن کے دوران غیر معمولی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں ملک میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔
وزیرِ ریلوے نے مزید کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر فورسز کی کارکردگی قابلِ فخر ہے، اور یہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خوارج اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔ وزیرِ ریلوے نے کہا کہ قوم اپنے غیور جوانوں کی بہادری پر ناز کرتی ہے، اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

