ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل لاہور کی بڑی کامیابی، منی لانڈرنگ کے دو مقدمات میں تین مجرموں کو سزا

لاہور(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل لاہور نے منی لانڈرنگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ عدالت نے دو الگ مقدمات میں تین مجرموں کو قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج لاہور ساجدہ نواز نے منی لانڈرنگ کے دو مقدمات کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔ مقدمہ نمبر 53/2021 میں عدالت نے عبدالروف اور عبدالصمد کو ایک سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی، جبکہ مقدمہ نمبر 86/2021 میں عبدالصمد کو مزید ایک سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا معزز عدالت نے منی لانڈرنگ کیسز میں ملزمان کے بینک اکاؤنٹس بحقِ سرکار ضبط کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔

یہ سزائیں ایف آئی اے لاہور زون کی مؤثر تفتیش اور قانونی ٹیم کی محنت کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہیں۔ تفتیشی ٹیم کی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر ملک شیراز احمد نے کی، جبکہ عدالت میں مؤثر دلائل اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل بیرسٹر رانا عُزیر امجد نے پیش کیے ایف آئی اے لاہور کی یہ کامیابی ملک میں مالیاتی جرائم اور منی لانڈرنگ کے خلاف جاری قومی حکمتِ عملی میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔