انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث بدنام زمانہ اشتہاری سمیت 6 ملزمان گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے انسانی اعضاء کی غیر قانونی خریدوفروخت اور پیوندکاری میں ملوث بدنام زمانہ اشتہاری سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایت پر کی گئی گرفتار ملزمان میں محمد اطہر، بابر مسیح، محمد عمران، ندیم عباس، بلال احمد اور اعجاز احمد شامل ہیں، جن میں ڈونرز، ایجنٹس اور پرائیویٹ لیبارٹریز کے ملازمین شامل ہیں۔ ملزمان کو راولپنڈی اور اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مریضوں سے لاکھوں روپے وصول کر کے غیر قانونی گردے پیوند کروانے کے لیے پرائیویٹ اسپتالوں اور جعلی ٹیشو میچنگ رپورٹس کا سہارا لیتے تھے۔ خاص طور پر ملزم بابر مسیح ایف آئی اے لاہور کو سال 2021 سے تین مقدمات میں مطلوب تھا ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ دیگر ملوث افراد اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون نے عوام سے اپیل کی ہے کہ انسانی اعضاء کی غیر قانونی خرید و فروخت یا پیوندکاری سے متعلق کسی بھی معلومات کے لیے فوری طور پر قریبی ایف آئی اے دفتر سے رابطہ کریں۔