اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) اور پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیئر علی، آر آئی یو جے کے سیکرٹری آصف بشیر چودھری، صحافی رہنما مظہر عباس اور شہزادہ ذوالفقار شامل تھے۔
ملاقات میں جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کے قیام، صحافیوں کی غیر قانونی برطرفیوں سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کے قیام کا عمل آخری مراحل میں ہے، صحافیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا ہائوسز سے صحافیوں کی غیر قانونی برطرفیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا مالکان کے ساتھ اس ایجنڈے کو باقاعدہ طور پر اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے میڈیا ہائوسز کو تاریخی واجبات ادا کئے ہیں اس کے باوجود ملازمین کی برطرفیاں قابل تشویش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس کے نظام کو مزید موثر اور وسیع کیا جائے گا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت اور صحافیوں کے معاشی تحفظ کے لئے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ نیشنل پریس کلب پر حملے کے حوالے سے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات اشفاق خلیل اور پرنسپل انفارمیشن افیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔

