اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آصفہ بھٹو زرداری نے سندھ ادارہ برائے امراضِ قلب شہید بینظیر آباد میں اسپتال کی عمارت عطیہ کرنے اور آئندہ سرجیکل بلاک کے قیام کے لیے مزید تعاون کا اعلان کرنے والے مخیر شخصیات چوہدری محمد ظفر آرائیں اور عظیم مغل کی فلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے دونوں مخیر حضرات کو ان کی انسان دوست خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں مخیر افراد کا کردار قابلِ تحسین ہے، اور ایسے اقدامات صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے دوران بتایا گیا کہ سندھ ادارہ برائے امراضِ قلب شہید بینظیر آباد میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرجیکل بلاک کے قیام میں بھی تعاون کیا جائے گا، جس سے دل کے مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج کی سہولت میسر آئے گی۔

