اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس خان لغاری نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی کامیاب نجکاری پر اپنے بیان میں حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے 135 ارب روپے کی شفاف بولی پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا واضح ثبوت ہے وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ پی آئی اے کی کامیاب نجکاری حکومت کی معاشی اصلاحات اور اقتصادی استحکام کے عزم کی عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سنگِ میل وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دوراندیش قیادت، مشیر نجکاری محمد علی کی انتھک کاوشوں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مکمل حمایت اور رہنمائی کے بغیر ممکن نہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کامیاب لین دین سے عالمی کاروباری برادری میں پاکستان کی ساکھ مزید مستحکم ہوئی ہے اور دنیا کو واضح پیغام ملا ہے کہ پاکستان شفافیت، استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری نہ صرف قومی اداروں میں بہتری اور کارکردگی کے نئے باب کا آغاز ہے بلکہ یہ ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی سردار اویس خان لغاری نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کی نجکاری مستقبل میں دیگر قومی اداروں کی اصلاحات کے لیے بھی ایک مثال ثابت ہوگی اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

