اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں تیندوا داخل ہونے کے واقعے کے بعد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی ٹیم کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے، جو چھ گھنٹوں سے زائد وقت سے جاری ہے حکام کے مطابق یونیورسٹی کی حدود میں تیندوے کی نشاندہی اور محفوظ گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ٹریپرز نصب کر دیے گئے ہیں۔ گزشتہ رات بھی تیندوے کی تلاش کے لیے تقریباً تین گھنٹے تک سرچ آپریشن کیا گیا، تاہم تاحال تیندوے کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
ذرائع کے مطابق تیندوا گزشتہ روز یونیورسٹی کی حدود میں داخل ہوا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوری اقدامات کیے گئے یونیورسٹی انتظامیہ نے تیندوے کے داخل ہونے پر الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام تدریسی اور انتظامی یونٹس تاحکمِ ثانی بند کر دیے ہیں، جبکہ طلبہ اور عملے کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن جاری ہے اور جلد ہی تیندوے کو محفوظ طریقے سے قابو میں لے لیا جائے گا۔

