راولپنڈی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ دوسرا سالانہ امتحان 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا، کامیابی کا تناسب 31.9 فیصد

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ دوسرا سالانہ امتحان 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ نتائج کے اعلان کے موقع پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ انجینئر عامر خٹک نے واضح کیا کہ امتحانی نظام میں میرٹ اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شفاف، منصفانہ و غیر جانبدار امتحانات کا انعقاد بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ انجینئر عامر خٹک نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ میٹرک پہلا سالانہ امتحان 2026 زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت منعقد کروایا جائے گا تاکہ نقل اور دیگر بے ضابطگیوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انٹرمیڈیٹ دوسرا سالانہ امتحان 2025 میں مجموعی طور پر 19 ہزار 992 امیدواروں نے داخلہ جمع کرایا جن میں سے 19 ہزار 782 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ ان میں 6 ہزار 311 امیدوار کامیاب قرار پائے، یوں کامیابی کا مجموعی تناسب 31.9 فیصد رہا جبکہ 13 ہزار 414 امیدوار ناکام رہے۔اس کے علاوہ 201 امیدوار امتحان میں غیر حاضر رہے اور 9 داخلہ فارم مختلف وجوہات کی بنا پر منسوخ کیے گئے۔

کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان کے مطابق امتحانی عمل جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے مکمل کیا گیا اور نتائج کی تیاری میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی گئی۔ تنویر اصغر اعوان نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ناکام امیدواروں کو تلقین کی کہ وہ مایوس نہ ہوں بلکہ مزید محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی آئندہ کامیابی کو یقینی بنائیں۔