لاہور (بیورو رپورٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبہ پنجاب نے ترقی، فلاح اور بہتر طرزِ حکمرانی کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی عوامی اعتماد، شفافیت اور زمینی حقائق پر مبنی منصوبہ سازی کا عملی ثبوت ہے، مریم نواز نے ایک سال میں 90 فلیگ شپ منصوبے شروع کیے جو نہ صرف کاغذوں سے نکل کر عملی شکل اختیار کرچکے ہیں بلکہ عوام براہِ راست ان منصوبوں سے مستفید بھی ہورہے ہیں، کسان، طلبا، مزدور، نوجوان اور خواتین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی نے پنجاب کو دیگر صوبوں کی نسبت ترقی کے سفر میں سب سے آگے کر دیا ہے، سہیل آفریدی محترم مہمان ہیں اور پنجاب حکومت مہمان نوازی، سیاسی شائستگی اور احترام کی روایت پر قائم ہے، تاہم ان کی گفتگو اور انداز میں مناسب سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ ہونا چاہیے تھا جو افسوس کے ساتھ نظر نہیں آیا، ہم مثبت سیاست اور عملی کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں، جھوٹ، الزام تراشی اور غیر سنجیدہ بیانات پر نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ الیکٹرک بسیں، گرین ٹرین، الیکٹرک بائیکس، ستھرا پنجاب، اپنی چھت اپنا گھر، آسان کاروبار اور کسان کارڈ مریم نواز کے ایسے فلیگ شپ پروگرام ہیں جنہوں نے سہولت، روزگار، تعلیم، ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور معاشی بہتری کے نئے دروازے کھلے ہیں، انہی منصوبوں کی بدولت پنجاب آج خدمات، اصلاحات اور پائیدار ترقی میں دیگر صوبوں پر سبقت رکھتا ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ سال 2025 اپنے اختتامی مرحلے میں ہے اور یہ سال پنجاب کی ترقی، عوامی فلاح اور سیاسی استحکام کا سال ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کی قیادت کو قومی و بین الاقوامی سطح پر تحسین ملی، جس سے صوبے کی مثبت شناخت مزید مضبوط ہوئی ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف موثر کارروائیاں ہوئیں اور منشیات فروش نیٹ ورکس کو توڑا گیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید ساز و سامان، ڈرون ٹیکنالوجی، اینٹی ڈرون سسٹمز، تھرمل ڈیوائسز اور آپریشنل گاڑیاں فراہم کی گئیں تاکہ اہلکاروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب میں ڈرون ٹیکنالوجی کو پہلی بار جائے وقوعہ تک فوری رسائی، ثبوت جمع کرنے اور آپریشنل معاونت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ کچے کے علاقوں میں آپریشنز کے لیے خصوصی بکتر بند گاڑیاں خریدی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کچے کا علاقہ مکمل طور پر کلیئر ہونے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور جرائم پیشہ عناصر کا کوئی ٹھکانہ محفوظ نہیں رہے گا۔عظمی بخاری نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت لاہور کے قدیم ویسٹ ڈپو لکھو ڈیر کو ویسٹ ٹو انرجی زون میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں پچاس میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگایا جائے گا جو صوبے میں کچرے سے توانائی کے حصول کا پہلا بڑا قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ویسٹ مینجمنٹ انفراسٹرکچر فعال ہے۔
وزیر اطلاعات نے “اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کے تحت اب تک پچاس ہزار سے زائد گھر مکمل ہونے اور مجموعی تعداد میں مسلسل اضافے کو پنجاب کی سماجی فلاح کا مضبوط ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیوہ خواتین، اقلیتوں اور کم آمدن شہریوں کی فراہمی کو خصوصی ترجیح دی گئی، جو پاکستان کے سماجی تحفظ کے نظام میں قابل تقلید مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو نئے مرحلے میں داخل کیا جا رہا ہے، جہاں فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ لائن منصوبے، اور گوجرانوالہ کو میٹرو نیٹ ورک سے جوڑنے کا اعلان، شہری آمدورفت میں اہم تبدیلی لائے گا۔
عظمی بخاری نے مزید کہا کہ آسان کاروبار اسکیم کے تحت چھ ماہ میں اربوں روپے کے بلاسود قرضے دیے گئے، جن میں خواتین اور نوجوانوں کا بڑا حصہ شامل ہے،طلبا کو لیب ٹاپ اور اسکالرشپ تقسیم کی جارہی ہیں،1500 الیکٹرک بسیں پورے پنجاب میں چل رہی ہیں،1 لاکھ 26 ہزار گھر “اپنی چھت اپنا گھر پروگرام” کے تحت بن رہے ہیں،کسان کارڈ کے تحت 250 ارب دیئے جاچکے ہیں،گرین ٹریکٹر اور سپر سیڈر تقسیم کیے گئے ہیں۔نوازشریف کینسر ہسپتال جنوری میں اپنا کام شروع کرنے جارہا ہے جبکہ سرگودھا کاڈیالوجی ہسپتال میں کام شروع ہوچکا ہے جلد مریم نواز اسکا افتتاح کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا جس سے صوبے میں چھوٹے کاروبار اور روزگار کے مواقع تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال، سرگودھا کارڈیالوجی ہسپتال، میڈیکل ڈسٹرکٹ لاہور اور رحیم یار خان و نارووال میں نئے برن یونٹس کا افتتاح نئی صحت پالیسی کی بنیاد ہوں گے، جبکہ 43 سو بچوں کی کامیاب دل کی سرجریز پنجاب کے علاج معالجے کے شعبے میں تاریخی سنگ میل ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ مہمان نوازی پنجاب کی روایت ہے اور ہم نے خیبر پختونخوا کے وزرا کو اسی وقار کے ساتھ خوش آمدید کہا، تاہم کچھ غیر سنجیدہ گفتگو اور نامناسب زبان نے افسوس پیدا کیا۔
سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بدتمیزی، دھکم پیل اور ناشائستہ زبان نے جمہوری ماحول کو داغدار کیا، جبکہ حکومت نے ہر سطح پر ضبط اور شائستگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ ہاوسنگ سوسائٹی فیز ٹو کی سکروٹنی کمیٹی اپنا کام مکمل کر رہی ہے، جس کے بعد وزیر اعلی الاٹمنٹ لیٹرز جاری کریں گی۔انہوں نے صحافیوں سے متعلق گزشتہ روز پیش آئے ناخوشگوار واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ میڈیا کی عزت اور تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔

