پشاور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو روبینہ خالد اور گورنر خیبرپختونخوا کی مبارکباد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پشاور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے ایم ریاض کو بطور صدر منتخب ہونے پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب صدر اور دیگر عہدیدار صحافیوں کے مستقبل اور آزادی صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

روبیہ خالد نے نومنتخب نائب صدر ضیا الحق، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان، جائنٹ سیکرٹری گلزار خان اور فنانس سیکرٹری ارشاد میدانی کو بھی مبارکباد پیش کی۔ اسی طرح گورننگ باڈی کے کامیاب ارکان شمیم شاہد، سیف الاسلام، کاشف الدین سید، ابراہیم خان، عارف یوسفزئی، ناصر حسین، شکیل صدیقی، عرفان موسیٰ زئی، شہزادہ فہد اور شاہ فیصل کو بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آزادی صحافت کے حق میں کھڑی رہی ہے اور صحافیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند رکھتی ہے۔

اسی موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی نو منتخب صدر ایم ریاض اور دیگر عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ گورنر نے کہا کہ صحافت جمہوریت کا مضبوط ستون ہے اور آزاد، ذمہ دار اور باخبر صحافت معاشرت میں شفافیت اور عوامی شعور کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب قیادت صحافی برادری کے مسائل کے حل اور پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی.