راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع ممتاز سٹی انٹرچینج اور پشاور موڑ، راولپنڈی میں قائم چیک پوسٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا-

اس موقع پر ڈی جی آر ڈی اے نے انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے کو ہدایت کی کہ ممتاز سٹی انٹرچینج، ٹاپ سٹی انٹرچینج، چوہڑ چوک راولپنڈی اور اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر معیاری، خوبصورت اور دیدہ زیب یادگار مونومنٹس تعمیر کیے جائیں تاکہ شہر کے داخلی و خارجی راستے نمایاں اور پرکشش بن سکیں ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد شہر کے حسن اور جمالیات میں اضافہ کرنا اور راولپنڈی کو ایک جدید، خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر کے طور پر اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام مقررہ معیار اور وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت اور تحفظ ہمیشہ اولین ترجیح ہے اور یہ ترقیاتی اقدامات شہر کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے یقین دلایا کہ آر ڈی اے کی ٹیم مسلسل نگرانی اور معیار کی جانچ کے عمل کو یقینی بنائے گی تاکہ منصوبے وقت پر مکمل ہوں اور شہری خوشحالی کے اثرات محسوس کریں۔

