اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر نابینا قلی اکبر علی جمالی کی وائرل ویڈیو پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کی مدد کا اعلان کیا ہے۔ اکبر علی جمالی برسوں سے کمسن بیٹی کے ساتھ مسافروں کا سامان اٹھاتے آئے ہیں۔ وزیر ریلوے نے ان کی اپیل منظور کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کے بیٹے کو پاکستان ریلوے میں ملازمت دی جائے گی۔
مزید برآں، وزیر ریلوے نے نابینا قلی کے ممکنہ علاج کے لیے اپنی جیب سے مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ ریاست محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ویلفیئر کے لیے مزید اقدامات کرے گی۔
اسی دوران وفاقی وزیر نے باجوڑ کے علاقے خار میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، جس میں پانچ بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک ہوئے۔ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدیل زمان کو وزیر ریلوے نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی قوم کے لیے فخر اور بہادری کی روشن مثال ہے۔ وزیر ریلوے نے واضح کیا کہ آخری خوارج کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

