وفاقی سیکرٹری مذہبی امور کی ہدایت، عازمین حج 2026 کے لیے تربیتی پروگرام یکم جنوری سے شروع، شرکت لازمی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی سیکرٹری مذہبی امور کی زیر صدارت نصاب کمیٹی برائے تربیت حجاج کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں عازمین حج 2026 کے لیے تربیتی پروگرام کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تربیتی پروگرام یکم جنوری 2026 سے شروع ہوگا اور عازمین حج کی شرکت لازمی ہوگی۔

ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے کہا کہ ہر حاجی اپنے شیڈول کے مطابق تربیتی پروگرام میں شریک ہو گا اور پروگرام کے شیڈول کی اطلاع پاک حج 2025 موبائل ایپ، ویب سائٹ اور SMS کے ذریعے فراہم کی جائے گی اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک روزہ تربیتی پروگرام میں عازمین حج کو مناسک اور انتظامی امور سے متعلق مکمل آگہی دی جائے گی، جبکہ وزارت اور حاجی کیمپوں کے تجربہ کار ماسٹر ٹرینرز اور علماء ملٹی میڈیا کے ذریعے تربیت فراہم کریں گے۔ اجلاس کی بریفنگ جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان نے دی، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری ناصر عزیز خان، فہد احمد، رانا محمد مجاہد اور دیگر ماسٹر ٹرینرز بھی موجود تھے۔