مدینۃ الحجاج کے قریب چلتی ٹرین پر پتھراؤ، ٹرین انچارج شدید زخمی، وزیرِ ریلوے کا ایماندار کانسٹیبل کو ایک لاکھ روپے انعام

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )مدینۃ الحجاج اسلام آباد کے قریب چلتی مسافر ٹرین پر پتھر لگنے سے ٹرین انچارج حامد محمود شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے نے ایک بار پھر آوارہ عناصر کی جانب سے ٹرینوں پر پتھراؤ کے سنگین خطرات کو اجاگر کر دیا ہے، جو مسافروں اور ریلوے عملے کی جانوں کو شدید خطرے میں ڈال رہے ہیں ریلوے حکام کے مطابق چلتی ٹرین پر پتھر لگنے کا اثر گولی جیسا ہوتا ہے، جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مجرمانہ فعل سے باز رہیں اور ٹرینوں پر پتھر پھینکنے والوں کے خلاف ریلوے پولیس سے تعاون کرتے ہوئے فوری اطلاع دیں۔ ریلوے املاک کو نقصان پہنچانا قانوناً جرم ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب ایمانداری کی شاندار مثال قائم کرنے پر ریلوے پولیس کے کانسٹیبل راؤ شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ کانسٹیبل راؤ شریف نے ٹرین سے ملنے والا 38 لاکھ روپے نقدی سے بھرا بیگ اس کے اصل مالک تک پہنچایا۔ یہ بیگ کراچی کے تاجر محسن کا تھا، جسے روہڑی اسٹیشن پر مکمل تصدیق کے بعد واپس کر دیا گیا۔

وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کانسٹیبل راؤ شریف کے اس مثالی اقدام پر ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے، جو وہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔ وزیرِ ریلوے نے کہا کہ راؤ شریف جیسے ایماندار اور فرض شناس افراد ریلوے کا اصل چہرہ ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ایمانداری اور فرض شناسی ریاستی اداروں کی اصل طاقت ہے اور ایسے اقدامات عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔