سال 2025 میں ٹوکن ٹیکس کی وصولیوں کی مد میں 22 ارب 10 کروڑ 4 لاکھ 17 ہزار 895 روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں ٹوکن ٹیکس کی وصولیوں کی مد میں 22 ارب 10 کروڑ 4 لاکھ 17 ہزار 895 روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئےجبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر وصول ہونے والے جرمانوں میں کالے شیشوں کے استعمال پر 5 کروڑ 34 لاکھ 55 ہزار 500 روپے، غیر نمونہ نمبر پلیٹس پر 2 کروڑ 44 لاکھ 4 ہزار 100 روپے، اور غیر قانونی لائٹس کے استعمال پر 83 لاکھ روپے شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 1 لاکھ 37 ہزار 259 گاڑیوں کی رجسٹریشن کی گئی۔ڈی جی ایکسائز کے مطابق محکمہ ایکسائز غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کے استعمال پر بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایجنٹس مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن بھی جاری ہے تاکہ شہریوں کو انصاف اور شفافیت فراہم کی جا سکے۔عرفان میمن نے کہا کہ محکمہ ایکسائز شہریوں کو رجسٹریشن سے لے کر ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی تک تمام سہولیات آن لائن فراہم کر رہا ہے تاکہ شہری بروقت اور مستند خدمات سے مستفید ہو سکیں۔