انفورسمنٹ کلٹریٹ گڈانی کی کارروائی، چار بسوں سمیت 25 کروڑ روپے سے زائدمالیت کی 30.5 میٹرک ٹن اسمگل شدہ چھالیہ برآمد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)انفورسمنٹ کلکٹریٹ گڈانی نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فرنٹیئر کور اور مقامی پولیس کی معاونت سے ضلع حب میں اشوک پمپ کے قریب غیر ملکی ساختہ 30.5 میٹرک ٹن اسمگل شدہ چھالیہ اور چار مسافر بسیں ضبط کر لیں۔ ضبط شدہ سامان اور گاڑیوں کی مجموعی مالیت کا اندازہ تقریباً پچیس کروڑ پچیس لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی چیف کلکٹر (انفورسمنٹ) کی طرف سے ملنے والی مصدقہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔

بروقت کارروائی کرتے ہوئے کسٹمز انفورسمنٹ کی ایک ٹیم موقع پر روانہ کی گئی تاکہ فراہم کردہ معلومات کی تصدیق اور اس پر عملدرآمد کیا جا سکے۔علاقے کی ابتدائی نگرانی کے دوران انفورسمنٹ ٹیم نے ممکنہ مزاحمت اور سکیورٹی خطرات کا جائزہ لیا۔ مو قع پر صورت حال کے پیش نظر کارروائی کو مؤثر بنانے کے لیے فرنٹیئر کور اور مقامی پولیس سے معاونت طلب کی گئی۔ٹیم نے مشتبہ بسوں کو اطلاع کے مطابق بتائی گئی جگہ پرکھڑا پایا۔ جیسے ہی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے کارروائی شروع کی ایک ہجوم جمع ہو گیا جس سے بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کی صورتحال پیدا ہوئی۔

جھڑپ کے دوران بسوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم کسٹمز، ایف سی اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے صورت حال پر قابو پا لیا گیا۔مخالفانہ ماحول اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ضبط شدہ گاڑیوں کو فوری طور پر تحویل میں لے کر کسٹمز ویئرہاؤس گڈانی منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں گواہوں کی موجودگی میں کی جانے والی تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران 30.5 میٹرک ٹن اسمگل شدہ چھالیہ برآمد کی گئی۔ کارروائی کے نتیجے میں چار مسافر بسیں بھی ضبط کی گئیں جن کے رجسٹریشن نمبرز BSE-088، BSH-999، BSB-919 اور BSB-613 ہیں۔ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ قومی معیشت کے تحفظ، سمگلنگ اور بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے انفورسمنٹ کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔