گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کا دورہ، چئیرمین ڈاکٹر کبیر سدھو سے ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین سی سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سے ملاقات کی۔ چیئرمین نے گورنر کو کمیشن کی جانب سے نفاذ کو مؤثر بنانے اور ریگولیٹری کارکردگی بہتر کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی اہم قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر بریفنگ دی ڈاکٹر کبیر سدھو نے بتایا کہ بہتر کیس مینجمنٹ، مضبوط قانونی حکمتِ عملی اور عدالتوں و کمپٹیشن اپیلیٹ ٹریبونل میں مؤثر پیروی کے نتیجے میں 434 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے، جس سے زیر التوا مقدمات کے بیک لاگ میں تقریباً 70 فیصد کمی واقع ہوئی۔

چیئرمین نے کمیشن کی انفورسمنٹ کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ سال 2025 کے دوران سی سی پی نے کارٹلائزیشن، پرائس فکسنگ، اجارہ داری کے غلط استعمال اور گمراہ کن تشہیر جیسے خلاف ورزیوں پر 2.36 ارب روپے کے جرمانے عائد کیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران 93 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد جرمانے ریکور کیے گئے اور ممکنہ خلاف ورزیوں پر 47 شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ڈاکٹر سدھو نے شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا، جن میں مختلف شعبوں کی مارکیٹ اسٹڈیز اور دیگر ریگولیٹری اداروں اور صوبائی حکام کے ساتھ مؤثر تعاون شامل ہے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سی سی پی کی اصلاحاتی کوششوں اور نفاذی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ صارفین کے تحفظ، منصفانہ مارکیٹوں اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے ایک مضبوط کمپٹیشن کمیشن نہایت اہم ہے