اسلام آباد (سٹا ف رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے تین دنوں کے دوران جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے پیش نظر عوام اور ڈرائیوروں کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔ لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں اور وہاڑی کے علاقوں میں دھند متوقع ہے۔
بالائی سندھ خصوصاً سکھر کے اطراف اور اسلام آباد میں بھی رات اور علی الصبح دھند کے امکانات ہیں۔ دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے درخواست کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس استعمال کریں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں۔
این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کو ضروری معلومات فراہم کرتے ہوئے ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہی یقینی بنا رہا ہے۔ عوام محفوظ رہنے اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

