اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ) پاکستانی نژاد امریکی شہری اور ممتاز سماجی و سیاسی رہنما رانا زمان سعید نیواڈا میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات میں لاس ویگاس سے ریپبلکن پارٹی کی طرف سے کلارک کائونٹی ریکارڈر کے عہدے کا الیکشن لڑیں گے۔ وہ اپنی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز ایک بین الاقوامی نعت شریف کے ریلیز کے ساتھ کرینگے۔ یہ’’ نعت رحمت کے خزانے‘‘ (Mercy to the Worlds) کے عنوان سے 9 جنوری 2026 کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رانا زمان سعید نے کہا کہ الیکشن مہم کا آغاز نعت شریف سے کرنے کا مقصد دنیا کو امن و محبت اور انسانیت کو مقدم رکھنے کا پیغام دینا ہے اور یہ نعت بھی امن، محبت، رحمت اور انسانیت کے عالمی پیغام کی ترجمانی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نعت کا مقصد صرف ایک روحانی تخلیق پیش کرنا نہیں بلکہ مختلف ثقافتوں اور قوموں کے درمیان ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک پاکستانی امریکن ہونے کے ناطے وہ اپنی ثقافتی اور روحانی اقدار کو امریکی معاشرے کے مثبت پہلوں کے ساتھ جوڑ کر خدمتِ خلق کے مشن کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ آئی ٹی کے شعبے میں طویل تجربہ رکھنے والے رانا زمان سعید جدید ٹیکنالوجی، شفاف نظام اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔
نعت رحمت کے خزانے کو عالمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا جائے گا، جہاں دنیا بھر کے سامعین اس روح پرور کلام سے مستفید ہو سکیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ نعت ان کی انتخابی مہم کے لیے ایک مثبت، روحانی اور پرامن پیغام ثابت ہوگی۔عوامی و سماجی حلقوں میں اس منفرد اور روحانی انتخابی آغاز کو بے حد سراہا جا رہا ہے، جبکہ کمیونٹی رہنمائوں نے کہا کہ کہ یہ اقدام سیاست میں اخلاقیات، روحانیت اور خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کی ایک خوبصورت مثال ہے۔

