ایئرپورٹس پر مسافروں کو آف لوڈ کرنے اور مبینہ نذرانے وصولی کے الزامات، ایف آئی اے کا مؤقف سامنے نہ آ سکا

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر )ملک بھر کے ایئرپورٹس سے بیرون ملک جانے والے شہریوں کو مختلف بہانوں سے آف لوڈ کرنے کا معاملہ آذربائیجان جانے والے شہری نے پاکستان واپس آتے ہی ایف آئی اے کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔کیپیٹل نیوز پوائنٹ نے اسی حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے کا مؤقف جاننے کے لیے ان سے فون پر رابطہ کیا اور باقاعدہ میسج بھی کیا لیکن ان کی طرف سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے ؟ذرائع کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کراچی میں تعینات ایف آئی اے اہلکاروں ،افسران نے ورک ویزے اور سیر و سیاحت کے لیے جانے والے شہری کی زندگی اجیرن بنادی۔

متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک جانے والے پاکستانی اپنی زندگی کی جمع پونجی ایجنٹوں کو دے کر جب ایئرپورٹ پر پہنچتے ہیں توامیگریشن کا عملہ انہیں مختلف بہانوں سے روک کر ان سے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرنے کیلئے سرعام کہتے ہیں عدم ادائیگی پر بیرون ممالک سفر کرنیوالوں کے پاسپورٹ پر آف لوڈ کی مہر لگا دی جاتی ہے اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ بھی ملک کے کئی ایئرپورٹس کے دورے کرچکے اور امیگریشن حکام و عملہ کو واضح احکامات دے چکے ہیں کہ کسی کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے مگر ایف آئی اے حکام ٹس سے مس ہونے کا نام تک نہیں لے رہے اور سرعام مسافروں سے نذرانے وصول کرنے میں مصروف ہیں ۔اوصاف کو ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سمیت دیگر ایئرپورٹس پر ایف آئی اے امیگریشن حکام کے باقاعدہ نیٹ ورکس موجود ہیں جو یہ کام کرنے میں مصروف ہیں ۔

اسی حوالے سے گزشتہ کئی روز پہلے احتشام نامی شخص کا کیس سامنے آیا جو اسلام آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک جانےکیلئے جب امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچا تو وہا ں موجود عملے نے ان کے پاسپورٹ پر آف لوڈ کی مہر لگا دی اور بعد ازاں 80 ہزار روپے نذرانہ دینے پر اسی آف لوڈ سٹیمپ پر اسے جہاز پر چڑھا دیا گیا۔شہری احتشام الحق نے واپس پاکستان پہنچتے ہی ایف آئی اے اہلکاروں کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر کر دی ۔جس پر عدالت عالیہ نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکام کو طلب کر لیا ۔میڈیا پر ایف آئی اے افسران کا کٹھاچھٹا کھلنے کے بعد ڈی جی ایف آئی اے نے بھی معاملے کا نوٹس لے تو لیا لیکن تاحال اس میں ملوث مافیا کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔

کپیپٹل نیوز پوائنٹ نے اسی حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے کا مؤقف جاننے کے لیے ان سے فون پر رابطہ کیا اور باقاعدہ میسج بھی کیا لیکن ان کی طرف سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے ؟.