این ڈی ایم اے کا شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی کی لہر کا الرٹ جاری

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، پوٹھوہار ریجن اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت اور قلات سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید سردی کے باعث سانس کی بیماریوں کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کاشتکاروں کو بھی فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ موسمی صورتحال اور شدید دھند کے باعث میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتی جائے۔ این ڈی ایم اے متعلقہ اداروں اور عوام کو ممکنہ خطرات کے حوالے سے پیشگی آگاہی فراہم کر رہا ہے تاکہ نقصانات سے بچا جا سکے۔