وزیراعلیٰ مریم نواز نے6 بائیو گیس پلانٹس کی منظوری دیدی

لاہور (بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت کلین انرجی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں 6 بائیو گیس پلانٹس کی منظوری دی گئی۔ لاہور میں 4 اور فیصل آباد میں 2 بائیو گیس پلانٹس سے پنجاب میں کلین انرجی کا عملی آغاز ہوگا۔ا جلاس میں پنجاب کی کلین انرجی مستقبل پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کسانوں اور ماحول دوست انقلاب کیلئے بائیو گیس پلانٹس بنائے جائیں گے بائیوگیس سے گھریلو توانائی کے ساتھ فصلوں کے لیے بائیو فرٹیلائزر بھی فراہم ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے سمال بائیو گیس پلانٹس کا قابل عمل منصوبہ طلب کر لیا اور ملٹی پل فیول بائیو ریفائنری کے لئے فیزیبلٹی سٹڈی کی منظوری دے دی۔ اس موقع پر لاہور میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے مثالی گاؤں پروگرام میں بائیو گیس پلانٹس کے تین پائلٹ پراجیکٹس شامل کرنے کی منظوری دے دی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بائیوگیس پلانٹ سے گھریلو استعمال کیلئے سستی گیس میسر ہوگی، بائیو گیس پلانٹ کے ذریعے فصلوں کے لئے بائیو فرٹیلائزربھی حاصل کی جاسکیں گی، ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ سے الیکٹرک بس اور میٹرو بس کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کی۔