انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

راولپنڈی(کورٹ رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر 2024 احتجاج پر درج مقدمہ میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کی، ملزمہ کی جانب سے ان کے وکیل فیصل ملک جبکہ سرکار کی جانب سے پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت پیش ہوئے سماعت کے دوران 5 ملزمان کے وکلاء کی جانب سے 10 گواہوں پر جرح مکمل کر لی گئی جبکہ ملزمان کے وکلاء کی جانب سے ان گواہان پر آج جرح نہ ہو سکی۔

مقدمہ کے پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ اس مقدمہ کی 28 سماعتیں ہو چکی ہیں، علیمہ خان کی کنڈکٹ کی وجہ سے یہ مقدمہ مسلسل تاخیر کا شکار ہے لہٰذا مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیا جائے علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر بھی پراسیکیوشن نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ لاہور میں زیر سماعت مقدمات کی کاز لسٹ موجود نہیں ہے جس پر عدالت نے ملزمہ علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے بعدازاں عدالت نے علیمہ خان کے خلاف مقدمہ کی سماعت کل (جمعرات) تک ملتوی کر دی ہے۔