اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)دبئی کی معروف رئیل اسٹیٹ کمپنی داماک پراپرٹیز کے سجوانی بزنس ڈیلیگیشن نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی ایکو سسٹم میں تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی,وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ڈیجیٹل نیشن پاکستان (DNP) وژن حکومت کی ڈیجیٹل پالیسیوں اور اصلاحات کی بنیاد ہے، جس کا مقصد ایک جامع اور انوویشن پر مبنی ڈیجیٹل معیشت کا قیام ہے۔

سجوانی وفد کو پاکستان کے ڈیجیٹائزیشن وژن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں خواتین کی ڈیجیٹل اور مالی انکلوژویٹی پر خصوصی زور دیا گیا,وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ وزیراعظم کے رمضان پیکج کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ذریعے صرف ایک ماہ میں پانچ لاکھ خواتین کے ڈیجیٹل والٹس کھولے گئے، جو مالی انکلوژویٹی کی جانب ایک اہم قدم ہے,مزید برآں، فریقین کے درمیان آؤٹ سورسنگ کے مواقع، پاکستان کے ٹیک ٹیلنٹ کی شناخت اور استعمال، اور پراپرٹی ٹیکنالوجی (PropTech) اور ٹوکنائزیشن کے ذریعے ایفیشینسی کو بروئے کار لانے، کارکردگی بہتر بنانے اور رئیل اسٹیٹ و مالیاتی شعبوں میں لیکویڈیٹی بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
داماک وفد میں امیرہ حسین سجوانی (کو-منیجنگ ڈائریکٹر، داماک گروپ و سی ای او، پرائپکو)، سید ذیشان شاہ (چیئرمین، ون گروپ)، عقیب حسن (چیف کمرشل آفیسر، ون ہومز) اور جوزف ایل اُوم (جنرل منیجر، ٹوکنائزیشن، پرائپکو) شامل تھے,سجوانی وفد نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ملک کے ڈیجیٹلائزیشن فریم ورک کو سراہا اور پراپ ٹیک، ٹوکنائزیشن اور ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری میں پاکستان کے وسیع امکانات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا,وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے عالمی شراکت داریوں کے فروغ، انوویشن کی حوصلہ افزائی، اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کے لیے سازگار ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کو مزید تیز کیا جا سکے.

